حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ کی جان کو خطرہ ہے، اہلخانہ اور ایم پی ایز کو حلیم عادل سے ملنے دیا جائے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کے ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا کہ یہ ایسا سلوک کررہے ہیں جیسے دہشت گرد سے کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے اسیر رہنما حلیم عادل شیخ کے ترجمان محمد علی بلوچ نے بتایا کہ ایس آئی یو سینٹر میں حلیم عادل کے کمرے سے سانپ نکلا ہے۔
ترجمان محمد علی بلوچ کے مطابق حلیم عادل شیخ کے لیے ناشتہ لے جانے والے ملازم نے سانپ کی اطلاع دی تاہم حلیم عادل نے سانپ کو مار دیا ہے۔
محمد علی بلوچ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ کو کچھ ہوا تو اس کی ذمے دار سندھ حکومت ہو گی۔
واضح رہے کہ 16 فروری کو کراچی کے سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 88 ملیر میں ضمنی انتخاب کے دوران حلیم عادل شیخ کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج نے کارِ سرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء حلیم عادل شیخ سمیت دیگر ملزمان کو بالترتیب 2 اور 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا تھا۔
Comments are closed.