کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے اقدامِ قتل کے کیس میں گرفتار اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کو آج 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے حلیم عادل شیخ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی اور کہا کہ حلیم عادل شیخ کے شریک ملزمان مفرور ہیں۔
تفتیشی افسر کا عدالت سے کہنا تھا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرنا ہے، جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی برآمد کرنی ہیں۔
کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کو 25 فروری تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
عدالت کی جانب سے تفتیشی افسر کو کیس کا چالان جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
حلیم عادل شیخ کے وکیل نے حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ نکلنے کے واقعے سے عدالت کو آگاہ کر دیا۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ سانپ وہاں پر کیا کر رہا تھا؟
حلیم عادل شیخ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ سیاسی انتقام کا کیس ہے، دہشت گردی کا نہیں، اس میں دہشت گردی کی دفعات لگانا بدنیتی ہے۔
Comments are closed.