حبیب بینک لمیٹڈ نے دہشت گردی کی فنانسنگ سے متعلق امریکی جج کے بیان اور بلوم برگ پر نشر کی گئی خبر میں مدعی کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اُنہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اپنے اعلامیے میں حبیب بینک نے کہا کہ وہ ان الزامات کا دفاع کر رہا ہے، دہشتگردی کی فنانسنگ کے سدباب کیلئے بینک کا عزم اٹل ہے، انسدادِ دہشت گردی سے متعلق حبیب بینک کے قواعد و ضوابط کا اعتراف خود عالمی ضابطہ کار کرتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق حبیب بینک کی اس کوشش کا اعتراف دو طریقوں سے ہوتا ہے، ایک تو امریکی عدالت نے بینک پر بنیادی ذمے داری عائد کرنے کی درخواست خارج کی ہے اور دوسرا یہ کہ بینک پر ضمنی ذمے داری کا تعین بھی قانونی چارہ جوئی کے بعد ہی ممکن ہے، امریکی عدالت نے ابھی تک مقدمے کا کوئی فیصلہ نہیں سنایا۔
حبیب بینک لمیٹڈ کے مطابق وہ 2018 سے بزنس ٹرانسفارمیشن پروگرام پر عمل پیرا ہے، منی لانڈرنگ اور دہشتگردی فنانسنگ کے خلاف پروٹوکولز کو عالمی ماہرین کی مدد سے مضبوط کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز ایک امریکی جج نے کہا تھا کہ حبیب بینک کو دہشت گردی کی فنانسنگ کے ایک مقدمے میں ضمنی ذمے داری کے الزامات کا سامنا ہے۔
Comments are closed.