وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا ہے کہ اگر جہانگیر ترین نے شاہ محمود کو ہروایا تھا تو وہ اب اس کے بیٹے کو بھی ہروادے گا، اب تو جہانگیر ترین کے ساتھ ہم بھی ہیں تو شاہ محمود کا بیٹا کیسے جیت جائے گا؟
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ مخالفین کو پتہ ہے کہ ان کے پاس ووٹ کم ہیں، پنجاب اسمبلی میں ان کے پاس 168، ہمارے پاس 177 ووٹ ہیں، ان سے پوچھیں کہ ان کے نمبر پورے نہیں تو پٹیشن کیوں دائر کی تھی؟
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت تو ہے نہیں، پی ٹی آئی بس بدتمیز لوگوں کا گروہ ہے، یہ خود ہی ایک بات کرتے ہیں اور بعد میں دوسری بات کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ قانون اور آئین کے زیادہ قریب ہے، لاہور ہائی کورٹ نے جو فیصلہ دیا الیکشن کمیشن کو اس کے خلاف اپیل میں جانا چاہیے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں ہوبہو سپریم کورٹ کو فالو کیا گیا ہے۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ ہم جو کہتے تھے تو سچ کہتے تھے، ہمارے پاس ثبوت ہوتے تھے، یہ جو کہتے ہیں، جھوٹ کہتے ہیں ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے، چار سال سے جاری بری کارکردگی کو ہم ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ 16 اور 4 سیٹوں کی جو میں بات کر رہا ہوں وہ سب دیکھ لیں گے، ضمنی انتخابات میں مقابلے کی کوئی صورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ہم سے امید ہے کہ ہم اس بحران پر قابو پالیں گے، ہم نے پہلے بھی ملک کو بحران سے نکالا ہے، امید ہے اب بھی کامیاب ہوں گے۔
Comments are closed.