بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سابقہ حکومت نے IMF سے ہر ماہ پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا معاہدہ کیا تھا، مفتاح اسماعیل

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا کہ ہر ماہ پیٹرولیم لیوی بڑھائیں گے، ہماری حکومت نے آئی ایم ایف سے وہی معاہدہ بحال کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کے معاہدے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر 30 روپے لیوی عائد ہونا تھی، پی ٹی آئی معاہدے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں7 فیصد کی شرح سے جی ایس ٹی عائد ہونا تھا، پیٹرول پر لیوی 10 روپے فی لٹر عائد کی گئی ہے، ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5 روپے پیٹرولیم لیوی عائد کی گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13روپے 23پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 276روپے 54پیسے ہوگئی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اچھی بات چیت کے بعد ہم مثبت نتائج کی طرف بڑھ رہے ہیں، بین الاقوامی سطح پر بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، عمران کی حکومت جو آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے گئی تھی ہم نے اسی کو بحال کیا، ہم نے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مثبت بات چیت جاری ہے، بجٹ میں کئی ٹیکس لگائے ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدے کی مدت 3 سے بڑھاکر 4 سال کر دی ہے، آئی ایم ایف قرض پروگرام کی رقم 6 سے بڑھ 7 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ تمام سیکٹرز کو سیلز اور انکم ٹیکس کے ری فنڈز ادا کر دیے ہیں، ایف بی آر نے ٹیکس جمع کرنے کی کارکردگی اچھی کی ہے اور ہدف سے زیادہ ٹیکس وصولیاں کیں، وزیر اعظم کے حکم پر برآمد کنندگان کے تمام ریفنڈز ادا کردیے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.