یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو باقاعدہ بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ممبران یورپین پارلیمنٹ نے پرتگال کی یورپین افئیرز کی سیکرٹری آف اسٹیٹ آنا پائولا زکاریاس اور یورپین نائب صدر برائے اقدار اور شفافیت (Vera Jourova) کے ساتھ ایک مباحثے میں کیا۔
مباحثے میں موجود تمام ممبران پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی وسیع طاقت، جبکہ سیاست اور آزادی اظہار رائے پر ان کے فکرمندی کی حد تک گہرے اثرات پر تنقید کی۔
انہوں نے ان پلیٹ فارمز کی جانب سے مواد یا اکاؤنٹس کو سینسر کرنے کیلئے مختلف فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے حکمرانی کے واضح اصولوں کی عدم دستیابی اور شفافیت کی کمی کو اجاگر کیا۔ ممبران نے کمیشن پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کو ڈیجیٹل سروسز ایکٹ اور اور ڈیجیٹل مارکیٹ ایکٹ کے ذریعے حل کریں۔
مباحثے کے مقررین نے اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ کیلئے جمہوری نگرانی کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کمپنیوں کو کسی بھی مواد کو ہٹانے کے وقت قانونی یقین دہانی کرانی چاہیے۔
اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اس طرح کے فیصلے نجی کمپنیوں کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوری طور پر جوابدہ حکام کے ساتھ ہوں۔ تاکہ آزادئ اظہار کی حفاظت کی جا سکے۔
یاد رہے کہ یورپین یونین میں، ڈس انفارمیشن سے بچا تے ہوئے اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ کی گفتگو ایک اہم موضوع ہے۔ پارلیمنٹ میں ہونے والا یہ مباحثہ اسی اہم موضوع کی کڑی ہے۔
Comments are closed.