کراچی:الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق جماعت اسلامی و دیگر جماعتوں کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کروانے کا حکم جاری کر دیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی اتنخابات کے انعقاد سے متعلق پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی درخواستوں کی سماعت کی جس میں کراچی اور حیدرآباد کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی سمیت دیگر کا موقف سنا گیا، آئی جی سندھ کا موقف بھی لیا گیا اور 15 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا جو کہ آج سنادیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ کو خاص سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کردی ہے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد ہونے پر سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست دی تھی جسے الیکشن کمیشن نے تسلیم نہیں کیا،الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی جانب سے پولیس نفری نہ ہونے اور سیلابی صورتحال کے جواز کو مسترد کرتے ہوئے کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے فیصلے میں انتظامی اور سیکیورٹی اداروں کو اپنی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جنوری کو ان دونوں ڈویژنز میں بلدیاتی انتخابات کا ہرممکن انعقاد یقینی بنایا جائے،انتخابات کو شفاف اور پرامن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
واضح رہے کہ سندھ کے بقیہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہوچکے ہیں تاہم کراچی اور حیدرآباد ڈویژنز میں باقی ہے تاہم سندھ حکومت نے سیلاب کو بنیاد بناکر ان شہروں میں انتخابات دو سے تین بار ملتوی کرانے کی درخواستیں دیں جو منظور ہوتی رہیں تاہم اس بار الیکشن کمیشن نے درخواستیں مسترد کردیں۔
Comments are closed.