سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس واپس لینے کے معاملے پر حکومت نے کیوریٹیو ریویو واپس لینےکی سمری بھجوادی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت قانون نے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کی۔
وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں وزیراعظم نےکیوریٹیو ریویو واپس لینے کا حکم دیا تھا۔
وزیراعظم نے وزیر قانون کو کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریفرنس کے نام پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے اہلِ خانہ کو ہراساں اور بدنام کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کوئی ریفرنس نہیں تھا، یہ ایک منصف مزاج جج کے خلاف منتقم مزاج عمران نیازی کی انتقامی کارروائی تھی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ عدلیہ کی آزادی پر شب خون مارنے اور اسے تقسیم کرنے کی مذموم سازش تھی، پاکستان بار کونسل سمیت وکلاء تنظیموں نے بھی اس ریفرنس کی مخالفت کی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس ریفرنس سے متعلق پاکستان بار سمیت وکلاء تنظیموں کی رائے کی قدر کرتے ہیں۔
Comments are closed.