اسرائیل کے شہر تل ابیب سے فرینکفرٹ پہنچنے والی لفتھنسا ایئر کی پرواز میں سوار 6 اسرائیلی شہریوں کو جرمنی میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تمام چھ مسافروں پر پرواز میں سوار ہوکر ماسک اتار پھینکنے، شراب نوشی کرنے، عملے اور مسافروں سے بدسلوکی کرنے کا الزام ہے۔
ایئرلائن ذرائع کے مطابق تل ابیب کے بین گوریان ایئرپورٹ پر جہاز میں سوار ہونے سے قبل ان 6 مسافروں نے ڈیوٹی فری شاپ سے شراب خریدی، تمام چھ اسرائیلیوں نے پرواز میں بیٹھتے ہی ماسک اتار پھینکے اور شراب پینا شروع کر دی۔
ان پر الزام ہے کہ انہیں پرواز میں کئی بار بیٹھ جانے کیلئے کہا گیا مگر وہ کھڑے ہوکر غل غپاڑہ مچاتے رہے۔ اسرائیلی مسافروں نے ہوائی جہاز کے عملے کو گالیاں دیں اور بدسلوکی کی۔
ایئر لائن کے عملے کے مطابق مسافروں کے اس گروپ نے کورونا وائرس کے قواعد و ضوابط اور ایئر لائن پالیسیوں کی براہ راست خلاف ورزی کی۔ ان 6 مسافروں نے ہر اس فلائٹ اٹینڈینٹ کو گالیاں دینا شروع کردیں جو سمجھانے کیلئے ان کے پاس گیا۔
فلائٹ کے دیگر مسافروں نے بھی اسرائیلیوں کو ان کی بدتمیزی اور غیرقانونی سلوک کے خلاف متنبہ کیا۔ پائلٹ نے فلائٹ میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے کئی بار ان اسرائیلیوں کو متنبہ کیا، مگر وہ باز نہیں آئے۔
طیارہ فرینکفرٹ پہنچا تو عملے نے پائلٹ کی مدد سے پولیس طلب کر رکھی تھی۔ پولیس نے ان چھ مسافروں کو گرفتار کرکے نظربند کردیا ہے اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.