پاکستان میں جاپان کے سفیر مستودا کونینیوری نے پاکستان کو دنیا کے لیے محفوظ ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ جاپان نے پاکستان پر سفری پابندیاں نرم کردی ہیں۔
جاپانی سفیر نے شاہ اللہ دتہ میں بدھا کے غاروں کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان سے لوگ پاکستان سیر و سیاحت کے لئے آئیں گے، جاپان پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
جاپان کے سفیر مستودا کونینیوری نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کی دوستی بےمثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے شاہ اللہ دتہ آنے والی سڑک کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، دیکھتے ہیں کہ جاپان ایمبیسی اس سلسلے میں کیا کرسکتا ہے، جاپان سے لوگ آئیں اورسمجھیں کہ یہ جگہ کتنی تاریخ کی حامل ہے۔
جاپانی سفیر نے کہا کہ مختلف حکومتیں رہی ہیں مگر کسی نے اس پر توجہ نہیں دی، سکھ برادی کیلئےکرتارپورراہداری کھولی جاسکتی ہے تو اسے بدھ کمیونٹی کیلئے بحال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان نے پاکستان پر سفری پابندیاں نرم کردی ہیں، پاکستان کی پابندیوں کی فہرست میں ایک درجہ تنزلی کردی گئی ہے۔
جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپانی سیاحوں، مذہبی سیاحوں کو پاکستان آنے دیا جائے گا، جاپانی تاجروں اورسرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےراغب کیاجائےگا، پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہت اطمینان بخش ہوگئی ہے۔
Comments are closed.