جاپان میں طوفان کی وجہ سے 900 پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ 2 لاکھ 40 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقلی کا حکم دے دیا گیا ہے۔
مرکزی جزیرے ہونشو پر طوفان کی پیش قدمی جاری ہے، یہاں ہزاروں گھروں کی بجلی بھی منقطع ہوچکی ہے۔
بحرالکاہل سے آنے والا طوفان منگل کو علی الصبح ٹوکیو سے 400 کلومیٹر جنوب مغرب میں ٹکرا گیا تھا جس کی وجہ سے وسطی اور مغربی جاپان میں شدید طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہوئیں۔
حکام نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے انتباہی پیغامات جاری کیے کیونکہ دریا بپھر گئے ہیں اور چند ایک مقامات پر پل ٹوٹ گئے ہیں۔
جاپان میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 585 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دو درجن افراد زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے محفوظ عمارتوں میں انخلا کے مراکز قائم کر دیے ہیں، گھر چھوڑ کر آنے والے افراد ان میں قیام کرسکتے ہیں۔
تیز ہواؤں کی وجہ سے نہ صرف پروازیں منسوخ ہوئیں بلکہ سڑکیں بھی بند کردی گئیں اور ٹرین سروس بھی معطل رہی۔
Comments are closed.