جاپان کے شہر مائی باشی کے میئر اور وہاں کے کاروباری اداروں کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے دس کروڑ روپے سے زائد کی امداد فراہم کردی گئی ہے جہاں سے اگلے چند دنوں میں یہ امدادی سامان پاکستان روانہ کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی کاروباری شخصیت مرزا آصف بیگ جو جاپان پاکستان اکنامک اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کے کو چیئرمین بھی ہیں کی جانب سے جاپان کے شہر مائی باشی کے میئر ریو یاماموتو کو پاکستان میں تباہ کن سیلاب اور اس سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا گیا تھا جس کے بعد مائی باشی کے میئر کی درخواست پر شہر کی معروف کاروباری شخصیات نے مشترکہ طور پر پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے دس کروڑ پاکستانی روپوں سے زائد کی امدادی اشیا جس میں دوائیں، سینیٹری آئٹمز ،کھانے پینے کی اشیاہ شمیت دیگر استعمال کی اشیا شامل ہیں جلد پاکستان روانہ کی جارہی ہیں۔
اس امدادی منصوبے کے روح رواں مرزا آصف بیگ کے مطابق پاکستان میں سیلاب جیسی خطرناک آفت اور اس سے کروڑوں کی تعداد میں متاثرہ پاکستانیوں کی امداد کے لیے انہوں نے ذاتی طورپر امداد کرنے کے ساتھ اپنے جاپانی کاروباری دوستوں کو بھی متحرک کرنے کا فیصلہ کیا جس میں گما کین کے مائی باشی شہر کے میئر جو ان کے قریبی دوست بھی ہیں سے درخواست کی جس کے بعد مائی باشی شہر کے معروف کاروباری اداروں نے اس امدادی پیکیج میں اپنا حصہ ڈالا جس کے بعد پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے ان کی منصوبے کے حوالے سے بھرپور حوصلہ افزائی اور تعاون بھی فراہم کیا۔
اس حوالے سے وہ جاپان کی معروف کمپنی ویلشیاہ گروپ کے سربراہ ایگیرو جونیچی، کلائمب کے صدر اوسامو کانائی، جاپان کمیونیکیشن کے سربراہ ناوہیسا فوکودا نے امدادی سامان جمع کرنے میں بھرپور تعاون کیا جبکہ دوسری جانب جاپان پاکستان اکنامک اینڈ کلچر ایسوسی ایشن پاکستان چیپٹر کے اعجاز کھوکھر، سہیل افضل شیخ، اور جاوید احمد چوہدری نے جاپان کے شہر مائی باشی کے میئر اور دیگر کاروباری اداروں کی جانب سے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے دس کروڑ روپے سے زائد کی امداد کی فراہمی پر ان کا بھرپور شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس مشکل وقت میں جاپانی دوستوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد سے دونوں ملکوں کے درمیان حکومتی اور عوامی سطع پر تعلقات میں بہتری آئے گی۔
دریں اثناء سیلاب زدگان کے لیے امدادی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے بھی مرزا آصف بیگ کی کوششوں کی تعریف کی ۔
Comments are closed.