بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جاپانی وزیر خارجہ کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، یوکرائن کے معاملے پر ملکر کام کرنے کا عزم

جاپان کے وزیر خارجہ ہایاشی یوشی ماسا نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات میں اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک یوکرائن کی سرحد پر روسی افوج کی تعیناتی کا جواب دینے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

دونوں رہنماؤں نے جمعہ کے روز آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ملاقات کی جو تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ہایاشی یوشی ماسا نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ جاپان اور امریکہ نتیجہ خیز بات چیت کے ذریعے دوطرفہ اتحاد کو مزید تقویت دینے میں کامیاب رہے ہیں جس سے باہمی ہم آہنگی مزید گہری ہوئی ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مزید قریبی تعلقات کے حصول کا عزم ظاہر کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے یوکرائن کے گرد و پیش کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ دونوں ممالک یوکرائن کی سرحد پر روسی فوجیوں کے جمع ہونے کا شدید تشویش کے ساتھ بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے یوکرائن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے جاپان کی مائع قدرتی گیس کی کچھ درآمدات کو یورپ کی جانب موڑنے کے فیصلے پر اپنے ملک کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.