بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جاسوسی عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفترخارجہ نے اسرائیلی سافٹ وئیر کے ذریعے جاسوسی کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سرکار نے بھارتی شخصیات سمیت دیگر ملکوں میں بھی فون ٹیپ کیے، بھارت سرکار کے اس اقدام کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے، جاسوسی عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے عالمی میڈیا کی رپورٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان اس سارے معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے،بھارت سرکار کی جانب سے وزیراعظم خان کا بھی فون ٹیپ کیا گیا، آر ایس ایس کی تعلیم پرعمل پیرا ہوکر بھارتی حکومت ایسے اقدام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دنیا بھارت سرکار کے ایسے چہرے کو پہلے ہی ڈس انفولیب کے ذریعے دیکھ چکی ہے،اقوام متحدہ ان معاملات کی تفتیش کرا کربھارتی حکومت کا چہرہ بے نقاب کرے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ صحافیوں، ججز، سفارتکاروں اور حکومتی حکام کے ٹیلی فون ہیک کیے گئے، ہم بھارتی حکومت کی سرپرستی میں جاسوسی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ اور متعلقہ اداروں سے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ بھارت نے اسرائیلی کمپنی کے پیگاسس سپائی ویئرکے ذریعے جاسوسی کی، اقوام متحدہ تحقیقات کرکے حقائق واضح کرے اور ذمہ داران کا احتساب کرے کیونکہ جاسوسی عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہاکہ پاکستان بھارتی وسیع البنیاد ریاستی جاسوسی آپریشنز کی پر زور مذمت کرتا ہے، اختلافی آوازوں کی جاسوسی آر ایس ایس اور بی جے پے کا پرانا نصاب ہے۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانیت سوزمظالم اورپاکستان مخالف گمراہی پھیلانا بھارتی ایجنڈا ہے، نام نہاد بھارتی "جمہوریت” کے اصل چہرے سے دنیا واقف ہے، ہندوستان سے متعلق تمام انکشافات پر انتہائی قریبی اور گہری نظر ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کاکہنا تھا کہ پاکستان بھارتی زیادتیوں پرمناسب عالمی فورمزکی توجہ مبذول کرائے گا، دنیا نے بھارتی جمہوریت کا چہرہ ڈس انفو لیب رپورٹ کی صورت میں دیکھ رکھا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.