چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کوئی جادو چھڑی یا بٹن نہیں ہے کہ مڈل آرڈر بیٹنگ، غیر معیاری فیلڈنگ اور پریشر میں اچھا نہ کھیلنے کا حل نکال لیں، اس کے لیے ایک طریقہ کار سے گزرنا پڑتا ہے اور اسی طریقہ کار پر عمل شروع کیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں رمیر راجا نے کہا کہ سب کہتے ہیں کہ قومی ٹیم کا مڈل آرڈر مضبوط نہیں فیلڈنگ معیاری نہیں پریشر میں اچھا نہیں کھیلتے ہمارے پاس کوئی بٹن نہیں یا جادو کی چھڑی نہیں کہ سب جلدی ٹھیک ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان سب خامیوں پر قابو پانے کے لیے ایک عمل سے گزرنا پڑتا ہے، پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) اور بیسٹ ہنڈرڈ ایک طریقہ کار بنانے کی کوشش ہے، اس عمل میں وقت لگے گا لیکن طریقہ کار یہی ہے۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ پی جے ایل کے اسٹار پی ایس ایل میں دکھائی دیں گے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں اچھی شروعات کی ہے، جیت جیت ہوتی ہے، اس سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پلان یہی تھا کہ 1992ورلڈ کپ کی طرح قومی ٹیم 30 روز پہلے آسٹریلیا جاتی لیکن انگلینڈ کی سیریز اور پھر نیوزی لینڈ سہ فریقی سیریز کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو سکا۔
پی سی بی چیئرمین نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ایک جیسا باؤنس ہوتا ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اب تیاری کا اچھا موقع مل رہا ہے۔
Comments are closed.