قومی اسمبلی کے حلقے این اے 221 تھر پارکر ون میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، تاہم کیسرار سموں کے علاقے میں واقع گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں آگ لگ گئی۔
آگ لگنے کے باعث پولنگ کا عمل کچھ دیر کے لیے متاثر ہوا جسے بعد میں بحال کر دیا گیا اور اس پولنگ اسٹیشن پر بھی ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔
ایس ایس پی تھر پارکر حسن سردار کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے بیلٹ باکسز جل گئے، تاہم بیلٹ پیپر محفوظ رہے۔
انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے واقعے سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔
ایس ایس پی تھر پارکر حسن سردار نے یہ بھی بتایا کہ آگ بظاہر حادثاتی طور پر لگی ہے، تاہم اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 221 تھر پارکر ون میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گی۔
ضلع تھرپارکر کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 221 پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ اور پی ٹی آئی کے نظام الدین راہموں سمیت 12 امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں ۔
Comments are closed.