تھائی لینڈ کے علاقے چیانگ مائی میں ایک ایسا ریزورٹ ہے جہاں صبح ویٹر یا الارم نہیں بلکہ ہاتھیوں کی مدد سے جگایا جاتا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک خاتون اپنے ہوٹل کے کمرے میں سو رہی ہوتی ہیں کہ قریبی کھڑکی سے ہاتھی اپنی سونڈ ڈال کر انہیں جگاتا ہے۔
جس پر خاتون چونک کر اُٹھ جاتی ہیں اور کھڑکی سے باہر جھانکنے پر انکشاف ہوتا ہے کہ انہیں ہاتھی نے جگایا ہے۔
سوشل میڈیا صارف ساکشیجین ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ اس ریزورٹ میں ریسپشن کال یا آپ کے الارم کے بجائے ہاتھی آپ کو جگاتے ہیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ اتنا ہی نہیں بلکہ یہ آپ کے ساتھ چہل قدمی کرتے ہیں، آپ کو پول میں نہلاتے ہیں اور پھر آپ کے ساتھ ناشتہ بھی کرتے ہیں، آپ ان کے ساتھ کھیل بھی سکتے ہیں۔
یہ ایک منفرد تجربہ ہے جو دنیا کے کسی اور کونے میں نہیں ملتا۔
وائرل ہونے والی اس مختصر دورانیے کی ویڈیو پر 53 ملین سے زائد ویوز آ چکے ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد بار اسے پسند کیا جا چکا ہے، سوشل میڈیا صارفین کمنٹس میں اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ اگر مجھے معلوم ہو کہ اس طرح جگایا جائے گا تو رات بھر نیند ہی نہیں آئے گی۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ یہ ایک بہت خوبصورت تجربہ ہے، ان خوبصورت یادوں سے بڑھ کر اور کیا اہم ہوسکتا ہے۔
ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ یہ بہت دلچسپ ہے، لیکن اگر اس خاتون کی جگہ میں ہوتا تو بغیر کچھ سوچے سمجھے چیختا ہوا کمرے سے باہر بھاگ جاتا۔
Comments are closed.