بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ترک معیشت میں گراوٹ: شرح سود کے ساتھ ’تجربہ‘ صدر اردوغان اور ترکی کو کتنا مہنگا پڑا؟

ترکی کی معیشت میں گراوٹ: شرح سود کے ساتھ ’تجربہ‘ صدر اردوغان اور ترکی کو کتنا مہنگا پڑ رہا ہے؟

ترکی افراط زر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ترکی میں حالیہ معاشی بحران کے باعث بے تحاشہ مہنگائی ہوئی ہے جبکہ ملک میں افراط زر میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ترک حکومت نے ملک میں بجلی اور گیس کی قیمتیں بھی کئی گنا بڑھا دی ہیں۔

اب جبکہ ترکی میں افراط زر 36 فیصد تک بڑھ گیا ہے، اسی دوران بجلی کی قیمتوں میں 50 فیصد سے 125 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گیس کی قیمت میں فی خاندان 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، تاہم حکومت کے حامی معیشت میں اس رجحان کو ’مثبت‘ قرار دے رہے ہیں جبکہ اپوزیشن نے اسے ’تباہ کُن‘ قرار دیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ترکی کی سالانہ افراط زر کی شرح گذشتہ ماہ 36.1 فیصد تک بڑھ گئی، جو گذشتہ 19 سال میں اپنی بلند ترین سطح پر ہے۔

اس بڑھتی مہنگائی نے ترک صدر رجب طیب اردوغان کی غیر روایتی ’سود کی شرح میں کمی‘ کی پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے کرنسی کے بحران کے اثرات کو واضح کیا ہے۔

ترکی کے انرجی مارکیٹ ریگولیٹر نے یکم جنوری کو بجلی کی قیمتوں میں استعمال کے لحاظ سے 50 فیصد سے 125 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔ ملک کے قومی قدرتی گیس ڈسٹری بیوٹر نے گیس کی قمیت میں اسی دن فی خاندان 25 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔

ترک شماریاتی ادارے کے اعداد و شمار نے پیر کو ظاہر کیا کہ صرف دسمبر میں، صارفین کی قیمتوں کے اشاریے میں ساڑھے تیرہ فیصد اضافہ ہوا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس اضافے نے ’ترکوں کی بچت اور آمدن کو نگل‘ لیا ہے اور وہ اس اقتصادی بحران سے بہت پریشان ہیں۔

ترک کرنسی لیرا نے گذشتہ سال ڈالر کے مقابلے میں اپنی قدر 44 فیصد کھوئی کیونکہ ترکی کے مرکزی بینک نے کرنسی اور قیمت کے استحکام پر قرض اور برآمدات کو ترجیح دینے کے لیے اردوغان کے معاشی پروگرام کے تحت شرح سود میں کمی کی۔

پیر کی شام ترکی میں لیرا کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں مزید گراوٹ کا شکار ہوئی۔

مزید مہنگائی کا خدشہ

کچھ ماہرین اقتصادیات نے پیش گوئی کی ہے کہ موسم بہار تک افراط زر کی شرح 50 فیصد تک پہنچ سکتی ہے جب تک کہ ترکی کی مانیٹری پالیسی کی سمت کو تبدیل نہیں کیا جاتا ہے۔ امریکی ادارے ’گولڈمین سیکس‘ نے کہا کہ یہ (افراط زر) آنے والے سال کے بیشتر حصے میں 40 فیصد سے اوپر رہے گی۔

ترکی افراط زر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

استنبول میں اسپن کنسلٹنگ کے بانی پارٹنر اوزلم ڈیریکی سینگول نے کہا کہ ’شرح سود کو فوری طور پر اور جارحانہ طور پر بڑھایا جانا چاہیے کیونکہ یہ فوری طور پر ضروری ہے۔‘

تاہم مرکزی بینک کی جانب سے ایسا کرنے کا امکان نہیں ہے، یہ کہتے ہوئے اوزلم نے مزید کہا کہ سالانہ افراط زر ’ممکنہ طور پر مارچ تک 40 فیصد سے 50 فیصد تک پہنچ جائے گی‘ جب انتظامی قیمتوں میں اضافے کو اس میں شامل کر دیا جائے گا، جس میں کم از کم اجرت میں 50 فیصد اضافہ بھی شامل ہے۔

اعداد و شماریات کی ایک معروف ویب سائٹ ’ٹریڈنگ اکنامکس‘ کی درجہ بندی کی فہرست کے مطابق، ترکی اب دنیا میں آٹھویں سب سے زیادہ افراط زر کا حامل ملک ہے، جو زمبابوے اور ارجنٹائن کے بعد اور ایران اور ایتھوپیا سے آگے کی درجہ بندی بنتی ہے۔

اردوغان کی اے کے پارٹی کے پہلی بار اقتدار سنبھالنے سے دو ماہ قبل کے حالت کی نسبت، پچھلا سال تقریباً دو دہائیوں میں لیرا کے لیے بدترین سال تھا، جب کہ صارفین کے لیے قیمتوں کا اشاریہ، سی پی آئی، ستمبر سنہ 2002 کے 37.0 فیصد کی سب سے کم سطح تک پہنچنے کے بعد سے سب سے زیادہ تھا۔

لیکن پیر کے روز ترک صدر اردوغان کی توجہ تجارتی اعداد و شمار پر تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ برآمدات گذشتہ سال ایک تہائی اضافے سے 225 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

انھوں نے ایک تقریر میں کہا ’ہمیں صرف ایک تشویش ہے: برآمدات، برآمدات اور برآمدات۔‘

ترکی افراط زر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

ترک صدر نے ترکی کی معیشت بہتر حاصل کرنے کی شہرت پائی تھی

تجارتی اعداد و شمار کے مطابق، ان کی حکومت کے دور میں برآمدات میں چھ گنا اضافہ ہوا۔ مقامی کرنسی کو سہارا دینے اور اس کے ختم ہونے والے ذخائر کو بھرنے کے لیے مرکزی بینک نے پیر کو کہا کہ اُس نے برآمد کنندگان سے کہا ہے کہ وہ اپنی ہارڈ کرنسی کی آمدنی کا 25 فیصد لیرا کے عوض بینک کو فروخت کریں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ’سود کی شرح کے خود ساختہ دشمن اردوغان‘ نے گذشتہ سال مرکزی بینک کی قیادت کو تبدیل کیا تھا۔ بینک نے ستمبر سے پالیسی کی شرح کو 19 فیصد سے کم کر کے 14 فیصد کر دیا ہے، جس سے ترکی کو شدید منفی حقیقی پیداوار ملی ہے جس نے بچت کرنے والوں اور سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کر دیا ہے۔

اس کے نتیجے میں قیمتوں میں تیزی سے اضافے اور لیرا میں گراوٹ نے گھریلو اور کمپنی کے بجٹ کو بھی متاثر کر دیا ہے، سفری منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے اور بہت سے ترکوں کو اخراجات میں کمی کے لیے مجبور کیا ہے۔

بہت سے لوگ پچھلے مہینے استنبول میں سبسڈی والی روٹی کے لیے قطار میں کھڑے تھے، جہاں میونسپلٹی سطح کے حکام کا کہنا ہے کہ زندگی گزارنے کی قیمت ایک سال میں 50 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔

26 سالہ مہمت، جو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں اور استنبول میں پولسٹر کے طور پر اپنا کام کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ’ہم اب اپنے دوستوں کے ساتھ کسی کیفے میں بیٹھ کر کافی نہیں پیتے۔ ہم باہر نہیں جاتے، صرف گھر سے کام کے لیے اور دوبارہ گھر واپس آتے ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ وہ کھانے کے چھوٹے ’پورشن‘ خرید رہے تھے اور ان کا خیال ہے کہ مہنگائی سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہے۔

ترکی کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ عارضی عوامل قیمتوں کو بڑھا رہے ہیں اور افراط زر کے لیے ایک غیر مستحکم کورس کی پیشن گوئی کی ہے، جو کہ حالیہ مہینوں میں تقریباً 20 فیصد رہی ہے اور زیادہ تر پچھلے پانچ برسوں میں دوہرے ہندسوں پر رہی ہے۔ ترکی کے مرکزی بینک کے مطابق، بالآخر اکتوبر میں یہ شرح 18.4 فیصد پر ٹھہر جائے گی۔

ترکی افراط زر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

بڑھتی ہوئی درآمدی قیمتوں کی عکاسی کرتے ہوئے، دسمبر کے پروڈیوسر پرائس انڈیکس میں ماہ بہ ماہ 19.08 فیصد اور سال بہ سال 79.89 فیصد اضافہ ہوا۔

سالانہ نقل و حمل کی قیمتوں میں 53.66 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سی پی آئی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا کی اوسطاً قیمتوں میں 43.8 فیصد اضافہ ہوا۔

سنہ 2023 کے وسط میں ہونے والے انتخابات سے قبل اقتصادی بحران نے اردوغان کے رائے شماری کو اشاریوں کو بھی متاثر کیا ہے۔

ریاست کی حمایت یافتہ مارکیٹ کی مداخلتوں کے بعد اور اردوغان کی جانب سے لیرا کے ذخائر کو کرنسی کے اتار چڑھاؤ سے بچانے کے لیے ایک سکیم کا اعلان کرنے کے بعد، دو ہفتے قبل تیزی سے بحال ہونے سے پہلے دسمبر میں لیرا نے ڈالر کے مقابلے میں 18.4 کی ریکارڈ کم ترین سطح کو چھو لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

اقتصادی ماہرین کا کیا خیال ہے؟

تاہم حکومت بھی اپنی پالیسیوں کے دفاع میں جارحانہ کردار اپنائے ہوئے ہے۔ اردوغان حکومت کے کٹّرحامی ٹیلی ویژن چینل ’اے ایچ بی آر‘ نے ترکی کی ’معاشی آزادی کی جنگ‘ پر تبصرہ کیا ہے جس کے اہم نکات مندرجہ ذیل ہیں:

  • ترک حکومت کے حامی میڈیا نے توانائی کے بلوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد ایک مثبت معاشی نقطہ نظر پیش کیا۔
  • کئی پنڈتوں نے دنیا بھر میں بجلی اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی جانب اشارہ کیا۔
  • کچھ لوگ معیشت کی پالیسیوں پر حکومت کو مشورے اور انتباہ دیتے نظر آئے۔

ترکی کی معیشت میں 2021 میں نمایاں مندی دیکھی گئی کیونکہ لیرا کی قیمت میں ریکارڈ کمی آئی اور مہنگائی میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔

ترکی افراط زر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

گذشتہ چند مہینوں میں ترک کرنسی لیرا کی قدر میں بہت زیادہ گراوٹ آئی

ترکی کا حکومت نواز میڈیا توانائی کی قیمتوں میں تازہ ترین اضافے کی سنگینی کو کم کرتا دکھائی دیتا ہے جبکہ کچھ ماہرین نے معیشت پر بھی مثبت نقطہ نظر کا اظہار کیا۔

توانائی (گیس) کی قیمتوں میں تازہ ترین اضافہ اس وقت سوشل میڈیا پر غالب ہے اور اپوزیشن کے حامی میڈیا کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے، ایک مقالے میں صورتحال کو ’ایک ڈراؤنا خواب‘ قرار دیا گیا۔

حکومت کے حامی نمایاں اخبار ’صباح‘ نے دو جنوری کو اپنے صفحہ اول پر قیمتوں میں اضافے کو نظر انداز کیا، جبکہ حکومت کے حامی اخبار ’ینی شفق‘ نے قیمتوں میں اضافہ کی خبر کا اپنے صفحہ اول کے نیچے ایک مختصر سا ذکر کیا۔

اس برس کے آغاز ہی میں یعنی دو جنوری کو اپنی مرکزی خبر میں، حکومت کے حامی اخبار ‘حریت’ نے بجلی کی قیمتوں میں ‘نئے ٹیرف’ کا احاطہ کیا لیکن اضافہ کا ذکر نہیں کیا۔ اخبار نے قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں رپورٹ کیا لیکن اپنی سرخی میں اسے ‘تبدیلی’ کے طور پر بیان کیا۔

حکومت کے حامی معروف نیوز چینل ‘اے ایچ بی آر’ نے سال کے پہلے دو دنوں میں اپنے شام کے بلیٹنز میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاع نہیں دی۔ تین جنوری کو زیادہ تر حکومت نواز اخبارات کے ساتھ ساتھ اے ایچ بی آر نے پنشنرز کے لیے متوقع تنخواہ میں اضافے کی خبر پر توجہ مرکوز کی۔

ترکی افراط زر

،تصویر کا ذریعہReuters

نئے سال میں تین جنوری کو حکومت کے حامی کچھ پنڈتوں نے ملک میں گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں توانائی کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ صباح کے کالم نگار اور حکومت کے سخت حامی، ہلال کپلان نے کہا کہ حکومت نے عوام کو سنہ 2021 میں توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافے سے بچائے رکھا۔

تازہ ترین اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ اس رجحان سے متاثر ہونا ’ناگزیر‘ ہے۔ کپلان نے یہ بھی کہا کہ صدر رجب طیب اردوغان کے توانائی پر ترکی کے بیرونی انحصار کو کم کرنے کے اقدامات آنے والے برسوں میں رخ بدل دیں گے۔

دیگر نمایاں آوازیں حکومت کو اپنی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے مشورے اور انتباہ پیش کرتی نظر آئیں۔ حکمران جماعت کے سابق رکن پارلیمنٹ سمیل طیار نے کہا ہے کہ یورپ میں توانائی کی قیمتیں ’پانچ سے چھ گنا زیادہ‘ تھیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ‘(لیکن) اگر اخراجات کو کم نہیں کیا جا سکتا ہے، تو آمدنی میں اضافہ کرنا چاہیے۔‘

حکومت کے حامی ترک اخبار کے کالم نگار جام کوچک نے توانائی کی عالمی قیمتوں پر طیار کے نقطہ نظر کو دہرایا لیکن مزید کہا کہ حکومت نے ‘سٹریٹیجک غلطی’ کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ‘ہم اگست سے قیمتوں میں اضافے پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔۔۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے دسمبر میں کم از کم اجرت میں 50 فیصد اضافے اور غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے لیرا کی قدر بڑھانے میں مدد کے لیے ایک نئی سکیم کے ساتھ اس کا جواب دیا تھا۔

گیس اور توانائی کی سپلائی پر دنیا بھر میں دباؤ ہے۔ حالیہ مہینوں میں توانائی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ صباح کے سرکردہ کالم نگار مہمت برلاس نے ملکی معیشت پر مزید تفصیلاً بحث کی کہ کرنسی کی شرح تبادلہ میں جزوی کمی کے باوجود سپر مارکیٹوں میں قیمتیں کم نہیں ہوئیں۔

ان کے تبصرے حکومت کے ان دلائل کی بازگشت کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ ‘موقع پرست’ اور ‘ذخیرہ اندوز’ بہت سے شعبوں میں زیادہ قیمتوں کے لیے ذمہ دار ہیں۔ برلاس نے کہا کہ ‘نیا ترک اقتصادی ماڈل بہت اہم ہے۔ لیکن اس نے ذمہ دار اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اسے نافذ کرتے ہوئے معیشت کے عمومی اصولوں’ کی پابندی کریں۔

صدر اردوغان اس غیر روایتی نقطہ نظر کے سخت محافظ ہیں کہ سود کی بلند شرح سے افراط زر میں اضافہ ہو گا۔ ان کے ’نئے معاشی ماڈل‘ کا مقصد شرح سود کو کم رکھتے ہوئے پیداوار اور سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.