ترکیہ اور شام سمیت پورے خطے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آنے کے بعد اٹلی میں سونامی الرٹ جاری کردیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اطالوی حکّام نے آج صبح ترکیہ میں شدید زلزلہ آنے کے بعد سونامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اطالوی حکّام نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر رہائشیوں کو متنبہ کیا کہ وہ ساحلوں سے دور رہیں اور مقامی حکومتی اداروں کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام سمیت پورے خطے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا ہے جس سے ترکیہ میں 76 اور شام میں 111 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات آئی ہیں جبکہ درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
زلزلے سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق ترکیہ میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں Nurdadi/Gaziantep کا علاقہ تھا، اس زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیرِ زمین تھی۔
زلزلے کے جھٹکے لبنان اور شام میں بھی محسوس کیے گئے اور یونان، اردن، عراق اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک بھی متاثر ہوئے۔
Comments are closed.