پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کارکن ظل شاہ کی موت پر لاہور ہائیکورٹ جانے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ ظل شاہ کی موت پر قانونی کارروائی کےلیے لاہور ہائیکورٹ جارہے ہیں.
ان کا کہنا تھا کہ ظل شاہ کی موت پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی اپیل کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس نے معصوم شخص کا قتل کور اپ کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھ بیٹھنے والوں کو وعدہ معاف گواہ بننے کی کوشش کرنی ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دن پہلے ریلی کرنے کی اجازت دی گئی، ریلی کے دن اچانک دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں پولیس آکر بہیمانہ تشدد شروع کردیتی ہے، یہ سب کچھ وزیراعلیٰ آفس سے مانیٹر کیا جارہا تھا۔ ہمارے کارکنوں کو گاڑیوں میں ڈالا جاتا رہا۔
انہوں نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور نگراں کابینہ پنجاب کے خلاف الیکشن کمیشن کے پاس جانے کا بھی اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس بھی جا رہے ہیں کہ محسن نقوی اور پنجاب کابینہ کو کام سے روکا جائے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت میں ہوتے ہوئے یہ اس قتل کی تحقیقات نہیں ہونے دیں گے۔ الیکشن کمیشن سے کہیں گے کہ ان لوگوں کو کام سے روکے تاکہ اس قتل کا سامنا کریں۔
Comments are closed.