وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تحریکِ لبیک پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ فیصلہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اینٹی ٹیرر ازم ایکٹ 1997ء کے رُول 11 بی کے تحت تحریکِ لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ان کو منانےکی کوششیں ناکام ہوئیں، پنجاب حکومت نے تحریکِ لبیک پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔
شیخ رشید نے بتایا کہ ہم تحریکِ لبیک پر پابندی سے متعلق سمری کابینہ کو بھیج رہے ہیں، ہم قرار داد اسمبلی میں اتفاقِ رائے سے پیش کرنا چاہتے تھے۔
ان کا کہناہے کہ یہ فیض آباد آنا چاہتے تھے، ہماری بڑی کوششیں تھیں لیکن وہ ہر صورت فیض آباد آنا چاہتے تھے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ جہاں تک ختمِ نبوت اور ناموسِ رسالت کا تعلق ہے شیخ رشید کی جان حاضر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں پولیس سے رائفل چھین کر فائرنگ کی گئی، یہ ایسا مسودہ چاہتے تھے کہ یورپ کے سارے لوگ ہی واپس چلے جائیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے نہیں انہوں نے حکمتِ عملی بنائی ہوئی تھی، ہم نے جو معاہدہ کیا تھا اس پر قائم تھے، جی ٹی روڈ اور موٹر وے مکمل بحال ہو چکی ہے۔
Comments are closed.