لاہور کی بینکنگ کورٹ نے بھی جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
لاہور کی بینکنگ کورٹ نے پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان باپ بیٹے کی درخواستِ ضمانت منظور کی ہے۔
بینکنگ کورٹ لاہور کی جانب سے حال ہی میں ایف آئی اے میں درج کیئے جانے والے مقدمے میں یہ ضمانت منظور کی گئی ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو جہانگیرترین اور علی ترین کو 7 اپریل تک گرفتار کرنے سے روک دیا جبکہ آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔
جہانگیر ترین اور علی ترین نے عدالت میں دائر کی گئی ضمانت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ہم بے قصور ہیں، حقائق کے برعکس ہمارے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
اس سے قبل آج سیشن کورٹ لاہور نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی 10 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی تھی۔
گزشتہ روز لاہور کی بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) رانا نسیم احمد کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کی تھی۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جہانگیر ترین، ان کے بیٹے علی ترین اور ملز کے ملازمین کے خلاف فراڈ اور منی لانڈرنگ کے مقدمات درج کیئے ہیں۔
Comments are closed.