ہفتہ 20؍ذیقعد 1444ھ10؍جون 2023ء

بہتان اور الزام لگانے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میئر کراچی کیلئے کاغذات نامزدگی ریجنل الیکشن کمیشن آفس میں جمع کروا دیے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بہتان اور الزام لگانے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی، وکلاء، پارٹی کارکنان و عہدیداران سمیت دیگر بڑی تعداد میں موجود تھے۔

میئر کے ایم سی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پارٹی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ میں بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے منتخب کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مجھ پر ثبوت کے بغیر الزامات لگائے جا رہے ہیں، حافظ نعیم کی میٹنگ میں لوگ نہیں آئے، ان کا قصور وار کون ہے؟ کوئی ووٹ نہیں دینا چاہ رہا تو ذمہ داری ہم پر ڈالی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہتان اور الزام لگانے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے، نمائندے انہیں منتخب کریں گے جو خدمت کا جذبہ لے کر آئے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہماری موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب ایک ہیں۔

امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے ریجنل الیکشن کمیشن میں میئر کراچی کے لیے نامزدگی فارم جمع کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میئر اور ڈپٹی میئر بھٹو کا جیالا ہوگا، حافظ نعیم کراچی کا میئر نہیں بنے گا، وہ نادرا جائے، نام تبدیل کروائے اور میئر ساتھ میں لکھ لے۔

سعید غنی نے جماعت اسلامی کو ایک بار پھر پیشکش کی اور کہا کہ جماعت اسلامی اگر ڈپٹی میئر کیلئے تیار ہوجائے تو پارٹی کو منا لوں گا۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اکثریتی پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے، کوئی سیٹ پیپلز پارٹی نے خالی نہیں چھوڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب میئر اور سلمان مراد ڈپٹی میئر کے امیدوار ہیں، ساتھ میں نجمی عالم نے میئر، ارشاد شر اور کرم اللّٰہ وقاصی نے ڈپٹی میٸر کیلئے کورنگ امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کروائے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.