انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کے پلے آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا۔ بھارت کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کا اسپیل ورلڈ کپ کا بہترین لمحہ قرار دیا گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن اسپیل میں بھارت کی بیٹنگ لائن کو اکھاڑ پیھنکا تھا۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ 2021 کے میچ میں پاکستان نے اپنے روایتی حریف بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔ میچ میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھارت کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بھارت کی جانب سے کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کر نے کے بعد پویلین بھیج دیا تھا جبکہ اپنے دوسرے اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے کے ایل راہول کو کلین بولڈ کرکے بھارتی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے تھے۔
شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 31 رنز دے کر بھارت کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
بھارت کے 151 رنز کے جواب میں پاکستان نے 152 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور ناٹ آوٹ رہے، کپتان بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 68 رنز بنائے جبکہ دوسرے اینڈ پر محمد رضوان نے 41 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد 55 گیندوں پر 78 رنز اسکور کیے۔
رضوان نے چھ چوکے اور تین چھکے لگائے جبکہ بابر نے چھ چوکے اور دو چھکے لگائے، شاہین شاہ آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپر 12 مرحلے میں ناقابل شکست رہتے ہوئے اپنے پانچوں میچ جیتنے کے بعد سیمی فائنل میں کوالیفائی کیا تھا ، مگر سیمی فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں کانٹے دار مقابلہ کرنے کے بعد شکست کھاکر ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔
Comments are closed.