پیر25؍ربیع الثانی 1444ھ21؍نومبر2022ء

بھارت: ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعرے لگانے والے 2 طلبہ کیخلاف مقدمہ درج

انجینئرنگ کے 2 طلبہ کو کالج میں منعقدہ کرکٹ میچ کے دوران ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگانا مہنگا پڑ گیا، ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بنگلورو میں نجی انجینئرنگ کالج میں منعقدہ انٹر کالج فیسٹ کے دوران پیش آیا۔

جب دو طلبہ اپنی پسندیدہ آئی پی ایل کرکٹ ٹیم کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی ٹیم پاکستان تھی، میچ کے دوران ایک لڑکا اور لڑکی نے جیسے ہی ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے بلند کئے تو دیگر طلبہ نے اعتراض کیا اور انہیں روکنے کی کوشش کی، جس پر وہ رُک گئے۔

تاہم وہاں موجود چند دیگر طلبہ نے اس کی ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

ویڈیو وائرل ہونے پر کالج انتظامیہ نے انکوائری کرتے ہوئے دونوں طلبہ سے معافی نامہ طلب کرکے انہیں کالج سے معطل کردیا۔

تاہم معاملہ یہاں ختم نہیں ہوا بلکہ پولیس اسٹیشن تک پہنچ گیا، دونوں کم عمر طلبہ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اور 505 (1) بی کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.