ممبئی پولیس کے سینئر انسپکٹر کی کرسی ایک بلی نے سنبھال لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں سینئر پولیس انسپکٹر کی پالتو بلی کو پولیس تھانے میں راج کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ممبئی پولیس کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو خود سینئر پولیس انسپکٹر سُدھیر ایس کڈلکر نے ریکارڈ کی۔
سینئر انسپکٹر کے مطابق ان کی پالتو بلی ’لولا‘ ان کے کیبن میں موجود سیاہ رنگ کی کرسی پر آرام سے سو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا چونکہ میری کرسی اور بلی دونوں ہی سیاہ رنگ کے ہیں جس کی وجہ سے بعض اوقات مجھے کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کبھی کبھی تو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ لولا یہاں موجود ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب سُدھیر کڈلکر اپنی بلی کو اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ ان کے ہاتھ پر کاٹ کر، اٹھنے سے صاف انکار کردیتی ہے اور منہ پلٹ کر سوجاتی ہے۔
وائرل ویڈیو کو 3 دنوں کے دوران 8 لاکھ 15 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے جبکہ اب تک اس ویڈیو کو 60 ہزار سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔
سینئر پولیس انسپکٹر سُدھیر ایس کڈلکر کا جانوروں کے ساتھ اچھا رویہ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کر رہے ہیں۔
Comments are closed.