بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر فیصلہ کرنا بھول گئے کہ انہیں پہلے کیا کرنا ہے۔
دوسرے ون ڈے میچ میں ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان نے سکہ (کوائن) اوپر اچھالا جس کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ’ہیڈز‘ کا انتخاب کیا تاہم ٹاس روہت شرما نے جیتا۔
ٹاس جیتنے کے بعد بھارتی کپتان کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ پہلے بیٹنگ کریں گے یا بولنگ؟
اس موقع پر کچھ دیر تک روہت شرما سر بھی کھجاتے رہے اور فیصلہ نہ کرسکے، یہ سب دیکھ کر نیوزی لینڈ کے کپتان بھی اپنی ہنسی نہ روک سکے۔
کچھ دیر بعد روہت شرما فیصلہ کرنے میں کامیاب ہوگئے اور انہوں نے پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما نے 15 سیکنڈز تک سوچنے کے بعد میچ میں اپنے فیصلے سے متعلق بتایا۔
اس موقع پر روہت شرما نے کہا کہ میں بھول گیا تھا کہ ہمیں پہلے کیا کرنا ہے، ٹاس سے پہلے ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت زیادہ مشاورت ہوئی تھی۔
بھارتی کپتان کی کچھ دیر کے لیے فیصلہ نہ کرنے سے متعلق ویڈیو کو سوشل میڈیا پر سیکڑوں اکاؤنٹ سے شیئر بھی کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ 3 میچوں کی سیریز میں بھارت کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ تیسرا میچ 24 جنوری کو شیڈول ہے۔
Comments are closed.