بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائبرڈ ماڈل پر ایشیا کپ کھیلنے سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی ہائبرڈ ماڈل پر کھیلنے کے لیے راضی نہیں ہوا اور کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل کو ماننے والی خبروں کی تردید بھی کردی۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی ایشیا کپ کو کسی ایک نیوٹرل مقام پر شفٹ کرنا چاہتا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ ٹورنامنٹ سری لنکا منتقل کیا جائے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے مستقبل کے لائحہ عمل کی تیاری کے لیے ممبران کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کھیلنے پر رضامند ہو گیا ہے۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے 4 میچ پاکستان میں اور بقیہ نیوٹرل مقامات پر ہونے کی بات سامنے آئی تھی۔
Comments are closed.