بھارتی ایئرلائن نے اپنے دو پائلٹس کو دورانِ پرواز کافی کپس اور کھانے کی اشیا طیارے کے آلات پر رکھنے کی پاداش میں گراؤنڈ کر دیا ہے۔
ہولی تہوار کے موقع پر 8 مارچ کو نئی دہلی سے گوہاٹی جانے والی مسافر پرواز میں پائلٹس نے کافی کپس اور مٹھائی کاک پٹ میں کنسول پر رکھے اور اس کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
جہاز 37 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا، ایئرلائن کے نمائندے نے کہا کہ دونوں پائلٹس کو ڈیوٹی سے ہٹا کر انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے۔
نجی ایئرلائن کی سخت پالیسی ہے کہ کاک پٹ میں کھانا نہ کھایا جائے، ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں پائلٹس نے کاک پٹ کے اندر ڈسپوزیبل کپس میں کافی اور ’گجیا‘ (ہولی پر کھائی جانے والی خاص مٹھائی) بھی کنسول پر رکھی ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس تصویر کی مذمت کی گئی اور سول ایوی ایشن نے بھی ایئرلائن کو وارننگ جاری کی۔
واضح رہے کہ کاک پٹ میں کھایا پیا جاسکتا ہے لیکن اس کیلئے سخت اصول ہیں کہ مشروب پر کیپ لگا ہو تاکہ مشروب حساس آلات پر نہ گرے۔
Comments are closed.