بوسنیا میں ایک شخص نے انسٹاگرام لائیو پر اپنی سابق اہلیہ کو قتل کردیا اور مزید 2 افراد کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
بوسنیا کے علاقے گراداکاک میں یہ لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں قاتل نے اپنی سابق اہلیہ کو قتل کرکے سڑک پر چلتے باپ بیٹے کو پستول سے فائرنگ کرکے قتل کیا۔
اس شخص نے ایک پولیس اہلکار، ایک مرد اور عورت کو زخمی بھی کیا۔
وزیراعظم نرمن نکسک بھی اس واردات کے بعد بیان دینے پر مجبور ہوگئے، انہوں نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ آج گراداکاک میں ہونے والے واقعے کو بیان کرسکوں۔
ان کا کہنا تھا کہ قاتل نے آخر میں اپنی بھی جان لے لی لیکن کوئی بھی متاثرہ افراد کی زندگی واپس نہیں لاسکتا۔
نرمن سلیجمانووک نامی شخص نے انسٹاگرام پر ویڈیو میں کہا کہ آج آپ لوگ براہ راست ایک قتل ہوتا دیکھیں گے۔
یہ کہہ کر اس نے پستول نکالی اور ایک عورت کے ماتھے پر گولی داغ دی، قریب سے ہی بچے کے رونے کی آواز بھی سنی گئی۔ بعد ازاں اس ویڈیو کو انسٹاگرام سے ہٹا دیا گیا تھا۔
پولیس جب نرمن کا پیچھا کر رہی تھی تو اس نے دو اور لائیو ویڈیوز بنائیں جن میں اس نے مزید دو افراد کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا۔
بوسنیا کے میڈیا کے مطابق 35 سالہ نرمن فٹنس کوچ ہے اور اسے ماضی میں منشیات کی اسمگلنگ اور پولیس افسر پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جن افراد نے نرمن کی ویڈیوز پر اس اقدام کی حمایت میں کمنٹس کیے تھے انہیں بھی شامل تفتیش کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔
Comments are closed.