بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بلاول بھٹو نے حکومت پر پیسے کے استعمال کا الزام لگادیا

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت پر سینیٹ الیکشن میں پیسے کے استعمال کا الزام لگادیا۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اوپن بیلٹ ہو، سیکرٹ بیلٹ ہو یا دھند ہو، تیاری مکمل ہے سب کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلط تاثر دینےکی کوشش کی جارہی ہے کہ پیسا استعمال کیا جارہا ہے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ یہ اپوزیشن کی کردار کشی ہورہی ہے، دراصل پیسا تو حکومت استعمال کررہی ہے، جو اپنے اراکین کو فنڈز جاری کررہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کوئی عوامی مسئلہ حل نہیں کر رہی، مبارک باد دینا چاہتا ہوں پی ڈی ایم جیت چکی ہے، ہمارا مقصد جمہوریت کو بحال کرنا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ 3 سال سے یہ حکومت کسی کا مسئلہ حل نہیں کررہی، یہ تو اپنے ممبران کے مسائل ہی حل نہیں کررہے، یہ ڈر رہے ہیں کہ ان کی حکومت جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت اور اتحادی اپنے ممبران کو قابو کریں، ان کی محنت اس وقت تک ناکام رہی ہے، الیکشن میں اگر کہیں پیسا استعمال ہورہا ہے تو وہ حکومت استعمال کررہی ہے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم پی ڈی ایم کے ممبران پارلیمان کے ساتھ کھانا کھا رہے ہیں، آج رات جلدی سوئیں گے صبح جلدی اٹھیں گے اور ووٹ ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو کے حوالے سے کہنا چاہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے ساتھ الیکشن لڑرہی ہے، غلط تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اپوزیشن پیسا استعمال کررہی ہے، اپوزیشن کی کردار کشی کی جارہی ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ان کے ممبران اسمبلی ریکارڈ پر ہیں، ان کی ویڈیوز موجود ہیں، ریاست کا پیسہ رشوت کے طور پر عمران خان استعمال کررہے ہیں، وزیراعظم کی کرپٹ کوششیں ناکام ہورہی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.