وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز کو خطے کی پیچیدگیوں کا پتا تک نہیں، لڑائی کا اختتام بات چیت سے ہی ہوتا ہے۔
جہلم میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کی وجہ سے معاشی بحران ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں آمریت مسلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز کو اس ریجن کی پیچیدگیوں کا پتہ نہیں، پاکستان کی باگ ڈور ان بچوں کے حوالے نہیں کرسکتے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ افغانستان کے مسئلے پر پوری دنیا عمران خان کی بات سنتی ہے، وہاں ہمارے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، افغانستان میں فوجی نہیں سیاسی حل کی طرف جانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہی تھا جس نے امریکا اور طالبان کے درمیان بات چیت کرائی، ایک قطرہ خون بہائے بغیر افغانستان میں اقتدار منتقل ہوا۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ جو پاکستانی بہک گئے ہیں، چاہے وہ بلوچستان میں ہوں، ان کو واپس راستے پر لائیں گے، لڑائی کا اختتام بات چیت سے ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایجنڈا پیش کیا ہے، جو آئین کو مانیں گے، ان سے بات ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم اپنی باتیں کرتے ہیں مہنگائی ہوگئی ہے، مشکلات ہیں مگر عمران خان دنیا کی بات کرتے ہیں۔
Comments are closed.