جمعہ 14؍شوال المکرم 1444ھ5؍مئی 2023ء

برطانیہ کے شاہ چارلس کی تقریب تاجپوشی کل ویسٹ منسٹر ایبے میں ہوگی

برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی تقریب تاجپوشی ہفتے کو ویسٹ منسٹر ایبے میں ہوگی۔

لندن سے میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہی سواری کا روٹ صبح 6 بجے عوام کیلئے کھولا جائے گا۔ شاہ چارلس کو دیکھنے کیلئے لاکھوں افراد سینٹرل لندن کا رخ کریں گے۔

برطانوی بادشاہ چارلس سوم کو تاجپوشی سے پہلے شاہی خاندان کی طرف سے شیئر کی گئی حالیہ تصویر پر تنقید کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ چارلس 10 بجے صبح بکنگھم پیلس سے ویسٹ ڈائمنڈ جوبلی بگھی میں نکلیں گے۔ ویسٹ منسٹر ایبے میں 2 ہزار 300 مہمان ان کے منتظر ہوں گے۔ تقریب تاجپوشی 11 بجے شروع ہو کر 2 گھنٹے جاری رہے گی۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریب کے مختلف مراحل میں بادشاہ کو تاریخی اشیاء پیش کی جائیں گی۔ انہیں حلف اٹھانے کے بعد تاریخی سینٹ ایڈورڈ تاج پہنایا جائے گا۔ تاج پوشی کے بعد ملک بھر میں بگل بجیں گے اور توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق دن ایک بجے شاہ چارلس اور ملکہ واپس بکنگھم پیلس جائیں گے۔ جہاں شاہ چارلس کو مسلح افواج کے جوان اور دولت مشترکہ کے فوجی سلامی پیش کریں گے۔

بعدازاں شاہ چارلس شاہی خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ پیلس کی بالکونی پر آئیں گے، جہاں انہیں طیارے سلامی پیش کرتے ہوئے گز ریں گے۔ فلائی پاسٹ میں فضائی کرتب دکھانے والے ریڈ ایروز کے طیارے بھی شامل ہوں گے۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق امن و امان قائم رکھنے کیلئے 29 ہزار سے زائد پولیس افسران ڈیوٹی پر ہوں گے۔ پولیس نے اس حوالے سے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن میں خلل ڈالنے والوں سے فوری اور سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس اس موقع پر چہرے شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.