وزیراعظم عمران خان معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ براڈشیٹ نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اپنے پیسے کی ادائیگی کے لیے ضبط کروانے کی کوشش کی۔
ایون فیلڈ اپارٹمنٹس معاملے میں براڈ شیٹ کی جانب سے شریف خاندان کو رقوم کی ادائیگی سے متعلق لیگی نائب صدر مریم نواز کے بیان پر شہزاد اکبر کا ردِ عمل سامنے آگیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ براڈشیٹ نے اپنے پیسے کی ادائيگی کے لیے ایون فیلڈ اپاٹمنٹس ضبط کروانےکی کوشش کی۔
انھوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ وہ اس کوشش میں ہار گئے اور قانون کے مطابق انہیں شریف خاندان کے وکلا کا خرچ دینا پڑا۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے آپ کے گناہ، جرائم اور کیلبری فونٹ والی بونگیاں نہیں دھلتیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ آپ تو آج تک ان فلیٹوں کی منی ٹریل بھی نہ دے سکے۔
واضح رہے کہ لندن فلیٹس کے معاملے پر براڈ شیٹ کمپنی کو تقریباً 45 لاکھ روپے شریف فیملی کو ادا کرنا پڑ گئے۔
براڈ شیٹ کے وکلاء نے رقم کی ادائیگی اور شریف فیملی کے وکلاءنے رقم وصولی کی تصدیق کردی۔
بعدازاں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جھوٹ و فریب کے کھیل میں لینے کے دینے پڑ جاتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الزام تراش اور جھوٹوں کے ٹولے کے منہ پر یہ ایک اور زناٹے دار طمانچہ ہے۔
Comments are closed.