بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بجلی کی بندش پر چیئرمین قائمہ کمیٹی کا NTDC حکام پر اظہار برہمی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پاور کے چیئرمین سیف اللّٰہ ابڑو نے بجلی کی بندش کی وجوہات نہ بتانے پر نیشنل ٹرانسمیشن ڈیسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) حکام پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی پاور سیف اللّٰہ ابڑو کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزارت بجلی کے حکام نے کہا کہ ملک کے جنوبی حصے اندھیرے میں ڈوب چکے ہیں، این ٹی ڈی سی کی لائن ٹرپ کر گئی ہے۔

سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو نے سوال کیا کہ کس علاقے میں ٹرپ ہوئی کوئی خاص مقام تو ہو گا۔

کراچی سمیت صوبۂ سندھ اور ملک کے دیگر شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس کی وجہ سے اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

این ٹی ڈی سی کے حکام نے کہا کہ تفصیلات شیئر کرنے سے زیادہ بے چینی پھیلے گی، فیسکو کے 2 گرڈ اسٹیشن ٹرپ کر گئے ہیں۔

حکام نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کو صبح پتہ چلا کہ بلیک آؤٹ ہوا ہے، 500 کےوی کی ترسیلی لائنوں میں خرابی پیدا ہوئی ہے، حیسکو، سیپکو اور کیسکو کو بجلی کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کسی چیز کا پتہ ہی نہیں، بادشاہ آدمی ہیں، آپ کو پتہ ہی نہیں ایسے ہی بات کر رہے ہیں۔

سیف اللّٰہ ابڑو نے مزید کہا کہ ملک میں ٹرانسمیشن لائنوں کا جنازہ نکلا ہوا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.