پاکستانی کرکٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ بابر اعظم کے کرکٹر آف دی ایئر بننے پر خوشی ہوئی، ان کی بیٹنگ صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہے لیکن کپتانی میں بہتری اور تبدیلی کی گنجائش ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ بابر اعظم کو وہ اعزاز ملا ہے جو بڑے بڑے کرکٹرز حاصل نہ کرسکے۔
کامران اکمل نے کہا کہ ویرات کوہلی، اسٹیو اسمتھ اور کین ولیمسن جیسے بیٹرز کو یہ اعزاز نہیں ملا، بابر اعظم کے اعزاز کو اب جتنا پروموٹ کیا جاسکے کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اپنی پرفارمنس سے اسٹار بنے ہیں، ان کی بیٹنگ صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں لیکن بابر کی کپتانی سب کو دکھائی دے رہی ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ کپتانی میں بہتری اور تبدیلی بھی ہونی چاہیے، بابر اعظم کو کپتان بنے اب 3 سال ہوچکے ہیں، اب ڈیلیور کرنے کا وقت ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ بابر اعظم کی کپتانی میں اعتماد نظر آنا چاہیے اور باڈی لینگویج مضبوط ہونی چاہیے۔
کامران اکمل نے کہا کہ یہ ورلڈکپ کا سال ہے، کپتانی میں جارحانہ انداز نظر آنا چاہیے، کچھ آؤٹ آف دی باکس ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں میرا سفر بڑا شاندار رہا، پشاور زلمی نے بہت سپورٹ کیا، ایک وقت آتا ہے جب آپ کو الگ ہونا پڑتا ہے، میرا بھی وقت آگیا تھا لیکن میں پشاور زلمی کے ساتھ ہوں۔
کامران اکمل نے کہا کہ پشاور زلمی میری فرنچائز رہی ہے، جب بھی ضرورت پڑی میں گراؤنڈ میں ضرور آؤں گا لیکن اس وقت میں پی ایس ایل کی ٹیموں کا تجزیہ کروں گا۔
Comments are closed.