پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سہ فریقی سیریز میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنی اننگز کے دوران بھارتی کپتان روہیت شرما اور سابق کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے راؤنڈ کے آخری میچ میں پاکستان نے 174 رنز کا ہدف 20ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔
اس میچ میں بابر اعظم نے محمد رضوان کے ہمراہ 101 رنز کی زبردست پارٹنرشپ بنائی اور اپنے کیریئر کی 29ویں نصف سنچری بناتے ہوئے 40 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی۔
اپنی اس اننگز کے دوران بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں 11 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، جس کے ساتھ ہی وہ تیز ترین 11 ہزار رنز بنانے والے ایشیائی بلے باز بن گئے۔
انہوں نے اس فہرست میں صف اول پر موجود سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑا۔
بابر اعظم نے 11 ہزار رنز بنانے کے لیے 251 اننگز کا سہارا لیا جبکہ ویرات کوہلی نے اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے 261 باریاں کھیلیں۔
تیز ترین بین الاقوامی 11 ہزار رنز بنانے والے ایشیائی بیٹرز میں تیسرے نمبر بھارت کے سنیل گواسکر ہیں جنہیں یہاں تک پہنچنے کے لیے 262 اننگز کھیلنا پڑیں۔
چوتھے نمبر پر پاکستان کے لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل میچز میں 11 ہزار رنز بنانے کے لیے 266 اننگز کھیلی تھیں۔
یہی نہیں بلکہ بابر اعظم نے اسی اننگز کے دوران بھارتی کپتان روہیت شرما کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
پاکستانی کپتان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے، انہوں نے بھارتی کپتان روہیت شرما کو پیچھے چھوڑا۔
روہیت شرما نے ٹی ٹوئنٹی میں 28 نصف سنچریاں بنائیں، جبکہ بابر اعظم 29 نصف سنچریوں کے ساتھ اب دوسرے نمبر پر آگئے۔
اس فہرست میں بھی پہلے نمبر پر مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی ہیں، جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 33 نصف سنچریاں بنائیں۔
خیال رہے کہ بابر اعظم نے ٹیسٹ میچز کی 75 اننگز میں 3122، ون ڈے کی 90 اننگز میں 4664 جبکہ ٹی ٹوئنٹی کی 86 اننگز میں 3216 رنز بناچکے ہیں۔
Comments are closed.