وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ایک احمق کا کہنا ہے کہ الیکشن کرا دیں، ایک تہائی پاکستان ڈوبا ہوا ہے کیسے الیکشن کرا دیں؟
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اس وقت ساڑھے 3 کروڑ پاکستانی بے گھر ہیں، حکومت کا پورا فوکس متاثرینِ سیلاب کی بحالی پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ فتنے اور فساد کو روکنے کے لیے ہم نے تیاری کی ہے، اگر پی ٹی آئی والے آئین و قانون کے مطابق پُرامن احتجاج کرنا چاہیں گے تو ہم تحفظ فراہم کریں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اگر وہ ریڈ زون یا ڈی چوک کی طرف بڑھیں گے تو ان کے پاگل پن کا مؤثر علاج کیا جائے گا۔
ان کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام لیے بغیر مزید کہنا ہے کہ وہ اپنے مخالفین کو برا بھلا کہتے ہیں، گالیاں دیتے ہیں، مگر حکومت پوری طرح سے تحمل دکھاتی رہی ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپوزیشن کےساتھ بیٹھ کر بات کرنے کی بات نہیں کی، ایسے شخص سے کوئی بات نہیں ہو سکتی۔
Comments are closed.