جمعرات 13؍شوال المکرم 1444ھ4؍مئی 2023ء

ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے معافی مانگ لی

اینٹی کرپشن پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل وقاص الحسن نے چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپے کے دوران دیے گئے ریمارکس پر سب کے سامنے معافی مانگ لی ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر عدالت نے ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن کو معافی مانگنے کا حکم دیا تھا۔

ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن وقاص الحسن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عدالت عالیہ کے حکم پر معافی مانگتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ میں ایک پٹیشن فائل کی گئی تھی جس میں اُن کے کمنٹس پر اعتراض تھا، ان کمنٹس پر سب کے سامنے معافی مانگتا ہوں۔

وقاص الحسن نے کہا کہ قانون کا ایک راستہ ہوتا ہے اور عدالتیں انصاف کیلئے فیصلہ کرتی ہیں، سرکاری ملازم ہوں، اس کے مؤقف کی تائید کر سکتا ہوں۔

صحافیوں سے گفتگو میں ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے کرپشن کی ہے انہیں قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے گئے تھے، گھر کی گھنٹی بجا کر اُن کو مقدمے کا بتایا، جب پتھراؤ ہوا تو پولیس نے کارروائی کی، گیٹ توڑنے کیلئے بکتر بند گاڑی پولیس نے استعمال کی۔

گوجرانوالہ میں مونس الہٰی کے فرنٹ مین سہیل اصغر کے فرار سے متعلق وقاص الحسن کا کہنا تھا کہ اس کا فرار اہلکاروں کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے جس کا مقدمہ درج ہوچکا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.