اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی تمام جامعات (یونیورسٹیوں) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی صلاحیت کے مطابق آن لائن یا ان کیمپس امتحانات لے سکتی ہیں۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کی زیر صدارت یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا، جس میں تمام صوبوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ مشاورت میں طلباء کے اندیشیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایچ ای سی نے تمام یونیورسٹیوں کو اپنی صلاحیت کے مطابق منصفانہ امتحانات لینے کی ہدایت کردی گئی۔
ایچ ای سی نے کہا کہ جامعات طلبا کی کارکردگی کے جائزہ کیلئے آن لائن یا ان کیمپس امتحانات لے سکتی ہیں، یونیورسٹیاں اپنی صلاحیت اور سہولت کے مطابق امتحانات لیں۔ آن لائن امتحان کی صورت میں وائیوا لینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران ایچ ای سی نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو تکنیکی اور انتظامی تیاری کے مطابق امتحانات لینے چاہیں، آن لائن امتحانات کیلئے جامعات اوپن بک امتحانات کا انتظام کریں۔
ایچ ای سی نے کہا ہے کہ کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت کورونا کی صورتحال کو مدنظر رکھا جائے۔ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے تحت ان کیمپس امتحانات لیے جاسکتے ہیں۔ این سی او سی نے ملک بھر میں یکم فروری سے جامعات کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے طلبا کا مطالبہ ہے کہ کورونا کے سبب امتحانات بھی گھر پر اور آن لائن لیے جائیں۔
The post ایچ ای سی نے امتحانات آن لائن لینے کا اختیار یونیورسٹیز کو دے دیا appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.