پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہماری ایوی ایشن انڈسٹری بیٹھ گئی، ایوان میں جھوٹ بولاگیا کہ 850 پاٹلٹس کے لائسنس جعلی ہیں، جس کے بعد ہماری ایئرلائن امریکہ اور یورپ نے بند کر دی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اسمبلی اجلاس 13 دن سے جاری ہے لیکن کارروائی صرف 10 گھنٹے ہوئی، اسپیکر بات نہیں کرنے دیتے، ماضی میں اپوزیشن دو دو گھنٹے بولتی رہی۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگر یہاں نہیں بولنے دیں گے تو پھر گلیوں اور سڑکوں پر تقریریں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پٹرول کی 5 مرتبہ قیمتیں بڑھنے پر توجہ دلاؤ نوٹس دیا لیکن بات نہیں کرنے دی گئی، اس وقت آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا جارہا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ایسے جمہوریت نہیں چلتی کہ آپ فرشتے ہیں اور اپوزیشن شیطان ہے، آج کے بعد ہم آپ کی زبان میں بات کریں گے۔
Comments are closed.