بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایوان بالا میں خفیہ کیمرے لگانے کی فارنزک تحقیقات ہونگی، چیئرمین سینیٹ

سینیٹ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ایوان میں خفیہ کیمرے لگانے کی فارنزک تحقیقات ہوں گی۔

اسلام آباد میں آج ہوئے سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں واضح تقسیم نظر آئی، اپوزیشن کی 3 جماعتوں نے یوسف رضا گیلانی پر سوالات اٹھا دیے جس پر ایوان میں احتجاج بھی ہوا۔

سینیٹر شفیق ترین نے کہا کہ ہم 3 جماعتیں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر ایوان میں احتجاج کر رہے ہیں۔

سینیٹ کے اجلاس سے پہلے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جماعتوں میں تقسیم واضح نظر آنے لگی ، نون لیگ اور پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں اپنے اپنے اتحادیوں کے الگ الگ اجلاس بلالیے۔

لیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 12 مارچ کو ایوان میں جو کچھ ہوا وہ سب کو پتہ ہے، اس دوران ایوان میں 4 آزاد ارکان نے شدید احتجاج کیا اور اعظم نذیر تارڑ کی تقریر پر اعتراض کیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں کہا کہ آپ یہاں کا ماحول ٹھیک کرائیں، زبان ہمارے پاس بھی ہے، اس موقع پر الگ نشستیں الاٹ نہ کرنے پر دلاور خان گروپ نے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ایک مقصد تھا کہ آئینی، انسانی حقوق دلائے جائیں، انشاء اللّٰہ اس کے لیے ہم آواز اُٹھاتے رہیں گے، تمام اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے حکومتی سینیٹر فیصل جاوید کو اپوزیشن اراکین کو واپس لانے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے دستور ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کیا، سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے دو ایوانوں کے درمیان اختیارات کی بات ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے مقابلے میں سینیٹ کےاختیارات کم ہیں، ایوانوں کے اختیارات برابر ہونے چاہئیں، بل میں سینیٹ کے اختیارات بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

سینیٹ اجلاس میں مسلم لیگ نون کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے 5 تحفے بھجوائے گئے، اپوزیشن لیڈر کی تقرری پر ہمارے دل رنجیدہ ہیں، ہمیں الگ اپوزیشن بینچ الاٹ کیے جائیں۔

رضا ربانی نے کہا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ کو سینیٹ میں بولنے کا اختیار دیا جائے، سینیٹر متعلقہ علاقے سے ہو، ووٹ منتقل کرا کر دوسرے علاقے سے نہ آئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.