فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں 193 انتخابی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کردی ہے۔
فافن نے گزشتہ روز این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب پر اپنی رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈسکہ انتخاب شفاف رہے، الیکشن عملے نے توجہ سے انتخابی عمل سرانجام دیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈسکہ ضمنی انتخاب میں انتخابی خلاف ورزیوں کے واقعات کم رونما ہوئے، فافن عملے نے الیکشن میں 193 انتخابی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی۔
فافن رپورٹ کے مطابق 193 میں سے 115 انتخابی خلاف ورزیاں پارٹی کیمپ کی پولنگ اسٹیشنز کے باہر ہونے سے متعلق تھیں۔
رپورٹ کے مطابق 38 واقعات الیکشن عملے کے ایک کمرے میں ایک الیکشن بوتھ سے زیادہ قائم کرنے سے متعلق ہیں۔
فافن کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی کے موثر انتظامات کیے، 91 فیصد پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرز نے اطمینان کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق ضمنی الیکشن میں تشدد کے بڑے واقعات رپورٹ نہیں ہوئے۔
فافن کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے 46 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر ایس او پیز پر عملدرآمد ناقص تھا، 3 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد ہی نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ووٹر کے لیے کسی اور کی جانب سے مہر لگانے کا ایک واقعہ بھی سامنے آیا، پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی کاپیاں فراہم کی گئیں۔
فافن کے مطابق این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں 43 فیصد ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
رپورٹ کے مطابق حلقے میں خواتین کے ووٹ کی رجسٹریشن مردوں سے زیادہ رہی، 2018ء کے مقابلے میں خواتین ووٹرز میں 22 ہزار اور مرد ووٹرز میں19 ہزار کا اضافہ ہوا۔
Comments are closed.