کراچی کے حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب آج ہوگا۔ آج ہونے والے ضمنی انتخاب میں 30 امیدوار میدان میں ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے امجد اقبال آفریدی، مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسماعیل، پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل، پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ایم پاکستان کے حافظ محمد مرسلین سمیت 30 امیدوار میں مقابلہ ہو گا۔
الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر کے مطابق حلقے میں 3 لاکھ 39 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، حلقے میں 276 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ جن میں سے مشترکہ پولنگ اسٹیشن 139 ہیں۔
سید ندیم حیدر کا کہنا ہے کہ حلقے میں 92 پولنگ اسٹیشن حساس اور 184 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔
الیکشن کمشنر کراچی نے انتظامات کے حوالے سے بتایا کہ رینجرز اور پولیس کی پیٹرولنگ حلقے میں جاری رہے گی، 2800 سے زائد پولیس اور 1100 رینجرز اہلکار سیکورٹی پر مامور ہوں گے۔
واضح رہے کہ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فیصل واوڈا کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی ہے۔
Comments are closed.