کراچی میں ہونے والا قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 کا ضمنی انتخاب اپنی مقررہ تاریخ پر ہی ہوگا، صوبائی الیکشن کمشنر اور کمشنر کراچی نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران فیصلہ سنادیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر اور کمشنر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 249 میں ضمنی انتخابات کےحوالے سے میٹنگ ہوئی ہے، اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
چیف الیکشن کمشنر سندھ اعجاز الحسن چوہان نے کہا کہ پر امن طور پر الیکشن کا عمل مکمل کیا جائے گا، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، ہم نے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے، حلقے کے عوام بھی ایس او پیز کا خیال کریں۔
اعجاز الحسن چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن پابند ہے کہ مقررہ وقت میں الیکشن کروائے۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کے عمل میں اپنی ذمہ داری پوری کریں، کمشنر آفس میں میٹنگ رکھنے کا بنیادی مقصد تمام متعلقہ اداروں کو آن بورڈ لینا تھا۔
Comments are closed.