
کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں ہنگامہ آرائی کے دوران مصطفیٰ کمال کو بھی گولی لگی، گذشتہ روز جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنے زخمی ہونے کا اشارہ دیا تھا۔
پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے دوران گولی میری ٹانگ میں گھٹنے سے اوپر لگی، گولی کہیں ٹکرانے کے بعد میری ٹانگ میں آکر لگی تھی۔
پی ایس پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ گولی ٹانگ میں لگنے کے بعد آدھی باہر ہی تھی جسے ہاتھ سے خود نکال لیا تھا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے زخم پر ڈریسنگ کردی ہے۔
واضح رہے کہ این اے 240 پر گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار محمد ابو بکر کامیاب ہوئے جبکہ ٹی ایل پی کے امیدوار شہزادہ شہباز دوسرے نمبر پر آئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار محمد ابو بکر نے ٹی ایل پی کے امیدوار کے مقابلے میں 68 ووٹ زائد حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔
ٹی ایل پی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی گئی ہے، درخواست امیدوار شہزادہ شہباز کی جانب سے جمع کروائی گئی۔
این اے 240 کی نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
Comments are closed.