متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد کی عوام نام نہاد سیاسی پارٹیاں اور ان کہ آلہ کاروں کو آگاہ کر دیں کہ ایم کیو ایم اپنے عوام کے درمیان آج بھی موجود ہے اور اب تم لوگوں کے بھاگنے کا وقت آگیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے خصوصی فنڈز سے لیاقت آباد کے مختلف علاقوں میں سیوریج کی نئی لائنوں اور ٹف پیور کے کام مکمل ہونے کے بعد تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد کے عوام کو ڈبل مبارکباد پیش کرتا ہوں ایک جشن عید میلادالنبی ﷺ کی اور دوسری علاقے کی ٹف پیور اور سیوریج کی نئی لائینیں ڈالنے کا کام جس کی وجہ سے آئے دن سڑکوں پر پانی جمع رہتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ لیاقت آباد کے رہنے والے لوگوں کی بھی عظیم قربانیاں ہیں جو تاریخ کے کتابوں میں قلمبند کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد کا علاقہ ایم کیو ایم کا قلعہ ہے اور اس علاقے کے رہنے والے عوام اس قلعہ کے سپاہی ہیں۔
خالد مقبول کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کر کے عوام نے ایم کیو ایم کے خلاف انگلی اٹھانے والوں کی انگلیوں کو توڑ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک پرچم اور پتنگ کے نشان کے ساتھ ثابت قدم ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ اس ملک کے لئے ہم نے اپنے حصہ سے زیادہ کی قربانیاں دے چکے ہیں باقی کام آپ لوگوں نے کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ملک کو بنانے میں سب سے زیادہ قربانیاں مہاجروں نے دی ہیں اور وہ ہی اس ملک کے حقیقی وارث اور محب وطن ہیں اور اب ان لوگوں کو بھی سمجھ آ گیا ہے کہ اس ملک کی باگ دوڑ ہم اور سے زیادہ اچھی کوئی اور نہیں سنبھال سکھتا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کام کیلئے سندھ کے شہری عوام کو اقتدار اپنے ہاتھوں میں لینا پڑے گا اور مل کر جدوجہد کرنا پڑے گی کوئی تشتری میں سجا کر نہیں دے گا اگر ہمیں اپنے حقوق ایماندارانہ اور صحیح طریقے سے مل گئے توبہتر ہوگا ورنہ ہم اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن رابطہ کمیٹی و ممبر قومی اسمبلی کشور زہرا نے کہا کہ آپ لوگوں کی محنت اور لگن سے اس علاقے میں کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے خصوصی فنڈز سے یہاں کے عوام کیلئے ترقیاتی کام شروع کیا گیا اور اب ان لوگوں کے منہ پر تمانچہ پڑ گیا جو ایم کیو ایم کو ختم کرنے کا خواب دیکھ رہے تھے اور ایم کیو ایم کے خلاف من گھرٹ اور بے بنیاد الزام تراشی کرنے میں لگے ہوئے تھے۔
کشور زہرا نےمزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت آباد میں رہنے والے لوگ حقیقی معائینوں میں ایم کیو ایم سے عقیدت و محبت کا جذبہ رکھتے ہیں اور آج کے پروگرام میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کر کے اس بات کا ثبوت دے دیا۔
تقریب کے اختتام پر ٹاون آرگنائزر لیاقت آباد ظفر کیفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی مٹی میں ہمارے آباو اجداد کا خون شامل ہے اس لئے اس ملک کو بچانے کے ساتھ ساتھ اس شہر کراچی شہر کو بھی بچانا اور سنوارنا ہے۔
پروگرام میں رکن رابطہ کمیٹی احمد سلیم صدیقی، سی او سی کے انچارج فرقان اطیب، مرکزی شعبہ جات کے انچارجز و اراکین، لیاقت آباد ٹاؤن کے زمہ داران اور عوام کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔
دریں اثناء کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے الااعظم اسکوائر میں مکمل ہونے والے ٹف پیور کے کاموں کا افتتاح کیا اس موقع پر عوام کی جانب سے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
Comments are closed.