معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے ماہرین کو اے آئی ٹیکنالوجی کو مزید جدید بنانے سے روکنے کا مطالبہ کردیا۔
ایلون مسک اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ماہرین اور صنعت کاروں نے ایک خط میں معاشرے اور انسانیت کے لیے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے ’اوپن اے آئی‘ کے نئے GPT-4 سے زیادہ طاقتور آرٹیفشل انٹیلیجنس کے نظام کو تیار کرنے کیلئے 6 ماہ کا وقفہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
فیوچر آف لائف انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے جاری کردہ ایلون مسک سمیت ایک ہزار سے زیادہ لوگوں سے دستخط شدہ خط میں کہا گیا ہے کہ اس وقت تک کوئی نئی جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجی متعارف نہ کروائی جائے جب تک کہ اس اے آئی ٹیکنالوجی کے لیے ایسے ڈیزائنز نہ تیار کرلیے جائیں جوکہ ہمارے معاشرے کو محفوظ رکھیں اور ان ڈیزائنز کا ماہرین سے آڈٹ بھی کروایا جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ طاقتور اے آئی سسٹمز کو صرف اس وقت تیار کیا جانا چاہیئے جب ہمیں یقین ہو کہ ان کے اثرات مثبت ہوں گے اور ان کی وجہ سے درپیش خطرات پر قابو پایا جاسکے گا۔
خط میں معاشی اور سیاسی رکاوٹوں کی صورت میں انسانی مسابقتی اے آئی سسٹمز کے ذریعہ معاشرے اور تہذیب کو لاحق ممکنہ خطرات کی تفصیل دیتے ہوئے اسے بنانے اور کنٹرول کرنے والی اتھارٹیز کے ساتھ مل کر کام کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
Comments are closed.