فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی مہلت پر وزارتِ خزانہ کا بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے باقی 3 نکات پر عمل درآمد کے لیے کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو 4 ماہ کی مہلت دے دیتے ہوئے اسے جون تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کے مطابق پاکستان نے27 میں سے 24 نکات پر عمل درآمد کرلیا ہے، جون تک باقی 3 نکات پر عمل درآمد کرے۔
وزارتِ خزانہ نے بتایا کہ ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر حمد اظہر نے کی۔
وفد میں وزارتِ خارجہ، نیکٹا، ایف ایم یو اور نیشنل فیٹف سیکرٹریٹ کے حکام بھی شامل تھے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات جاری رکھے گا۔
وزارت خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق 10 نکات پر عمل درآمد کر لیا۔
اسی طرح تحقیقات اور قانونی چارہ جوئی سے متعلق 8 نکات میں 6 پر عمل درآمد ہوچکا ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مالی پابندیوں سے متعلق 9 میں سے 8 نکات پر عمل درآمد ہوچکا ہے، جبکہ باقی تین نکات پر عمل درآمد کے لیے کام جاری ہے۔
Comments are closed.