ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان نے بنگلادیش کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔
چین کے شہر ہینگزو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں میچ شروع ہوا تو پہلا گول بنگلادیش نے 19ویں منٹ میں کیا لیکن 30ویں منٹ میں ارباز نے خوبصورت فیلڈ گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
40ویں منٹ میں پاکستان کے نوجوان رائٹ اسٹرائیکر شاہزیب خان نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کو برتری دلوائی، پھر 43ویں منٹ میں پاکستان کے لیفٹ اسٹرائیکر محمد عماد نے پاکستان کی جانب سے تیسرا گول سکور کیا۔
بنگلادیش نے کھیل کے 46ویں منٹ میں فیلڈ گول اسکور کرکے خسارے کو کم کیا۔ ڈریگ فلکر سفیان خان نے کھیل کے 48ویں منٹ میں پینالٹی کارنر کے نتیجہ میں تیز رفتار ڈریگ فلک کے ذریعہ گول اسکور کرکے پاکستان کی جانب سے چوتھا گول اسکور کیا۔
کھیل کے 57ویں منٹ میں پاکستان کے ارباز احمد نے پینالٹی کارنر کے ذریعہ تیز رفتار ڈریگ فلک لگا کر پاکستان کی جانب سے پانچواں گول اسکور کیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم 28 ستمبر کو ازبکستان کے خلاف اپنا تیسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق 06:00 بجے شام کھیلے گی۔
Comments are closed.